×

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کے لیے مزید 3 ارب امریکی ڈالر کے اضافی ڈپازٹس فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس کی فراہمی آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ موجودہ 5 ارب ڈالر کا سعودی ڈپازٹ اب سالانہ رول اوور کی سابقہ شرط سے آزاد ہو کر طویل مدت کے لیے بڑھا دیا گیا ہے

وزیر خزانہ نے یہ اعلان واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، جہاں وہ ورلڈ بینک-آئی ایم ایف اسپرنگ میٹنگز 2026 کے موقع پر موجود ہیں

اس دوران انہوں نے سعودی مالی معاونت اور پاکستان کی بیرونی مالیاتی حکمت عملی سے متعلق اہم تفصیلات بھی شیئر کیں

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ معاونت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان کو بیرونی مالی ضروریات کا سامنا ہے، اور اس سے زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے اور بیرونی کھاتوں کو مضبوط بنانے میں مدد ملے گی

انہوں نے کہا کہ حکومت آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اپنی ذمہ داریوں کے مطابق ذخائر برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے، اور مالی سال کے اختتام تک تقریباً 18 ارب ڈالر کے ذخائر کا ہدف حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جو تقریباً 3.3 ماہ کی درآمدات کے برابر ہوگا

وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے گزشتہ ہفتے 1.4 ارب ڈالر کا یورو بانڈ کامیابی سے ادا کیا، جسے انہوں نے “نان ایونٹ” قرار دیا، اور کہا کہ حکومت تمام بیرونی ادائیگیوں اور واجبات کو بروقت پورا کرنے کے لیے پرعزم ہے

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا بیرونی مالیاتی منصوبہ واضح اور ذمہ دارانہ انداز میں نافذ کیا جا رہا ہے

انہوں نے واشنگٹن میں اپنی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اور امریکہ میں پاکستانی سفیر کے ہمراہ سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان سے تفصیلی ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل اسلام آباد میں بھی ملاقات ہوئی تھی، تاہم باضابطہ اعلان سے قبل حکومت نے قیاس آرائیوں پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
وزیر خزانہ نے سعودی قیادت، خصوصاً ولی عہد محمد بن سلمان، سعودی وزیر خزانہ اور نائب وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ مسلسل تعاون کو سراہا

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں

بلا جھجھک اپنے خیالات کا اشتراک کریں۔ برائے مہربانی بد زبانی استعمال کرنے سے گریز کریں۔