بھارت کی پانچ ریاستوں میں ہونے والے انتخابات کے غیر رسمی نتائج سامنے آگئے جن کے مطابق مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بینرجی کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق غیرمتوقع طور پر مغربی بنگال میں بھارتیہ جنتا پارٹی کو 206 نشستوں پربرتری حاصل ہوئی جبکہ وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی جماعت ترنمول کانگریس 80 نشستیں حاصل کر سکی۔ مغربی بنگال کی 294 رکنی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے 148 نشستیں درکار ہیں۔
ممتا بینرجی نے بی جے پی کی جیت کو دھاندلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت بہت سے سرکاری افسر بی جے پی سے ملے ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آسام میں بی جے پی اتحاد این ڈی اے نے 92 نشستیں حاصل کر لیں جبکہ حکومت بنانے کے لیے 126 ارکان کی اسمبلی میں 64 نشستیں جیتنا لازمی ہیں۔
تامل ناڈو میں اداکار سے سیاستدان بننے والے جوزف وجے کی جماعت 108 نشستیں جیت گئی۔ تامل ناڈو میں 234 نشستوں میں سے 118 اکثریت کے لیے ضروری ہیں۔
بھارتی ریاست پانڈیچیری میں بی جے پی اتحاد 18 نشستوں پر کامیاب ہوا۔ 33 رکنی اسمبلی میں حکومت کے لیے 17 نشستیں ضروری ہیں۔