امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر آبنائے ہرمز میں پراجیکٹ فریڈم روکنے کا اعلان کیا ہے۔
صدر ڈونلڈ رمپ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں پھنسے جہازوں کو نکالنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو عارضی طور پر روک رہا ہے تاکہ ایران کے ساتھ جنگ کو ختم کرنے اور معاہدے کے لیے وقت مل سکےتاہم ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی بدستور جاری رہے گی۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ یہ اقدام پاکستان اور دیگر ممالک کی درخواست پر ایران کے خلاف فوجی کامیابیوں اور مذاکرات میں نمایاں پیش رفت کے باعث کیا گیا ہے۔ ایران کے نمائندوں کے ساتھ مکمل اور حتمی معاہدے کی جانب بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔
امریکی صدر نے پیر کو اعلان کیا تھا کہ امریکا آبنائے ہرمز میں پھنسے ہوئے جہازوں کو نکالنے میں مدد کا آغاز کرے گا جبکہ ایک ایرانی عہدیدار نے خبردار کیا تھا کہ اس اہم گزرگاہ میں کسی بھی امریکی مداخلت کو جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔