loader-image
Karachi, PK
temperature icon 30°C
29-May-2026 11-Zul Hijjah-1447
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 30°C
29-May-2026 11-Zul Hijjah-1447

حکومت سندھ نے قربانی کی کھالوں سے متعلق ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

 محکمہ داخلہ سندھ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی کھالوں کی وصولی سے متعلق ضابطۂ اخلاق جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کی اجازت کے بغیر کھالیں جمع کرنا ممنوع ہوگا۔

محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کھالیں جمع کرنے کے لیے اجازت نامے کے اجرا میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کے وضع کردہ طریقہ کار پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔ صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں، مدارس اور رفاہی تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق  کسی بھی کالعدم تنظیم کو کسی دوسرے نام کی آڑ میں اجازت نامہ یا کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسی طرح کھالیں جمع کرنے کے لیے کیمپ لگانے، بینرز آویزاں کرنے، گاڑیوں یا عمارتوں پر جھنڈے لگانے، لاؤڈ اسپیکر کے استعمال اور اعلانات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق زبردستی کھالیں جمع کرنا بھی ممنوع ہوگا جبکہ مجاز اداروں کو کمشنر یا ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ مقررہ مدت کے دوران ہر وقت اپنے ساتھ رکھنا لازمی ہوگا۔ضابطۂ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ شرائط کی خلاف ورزی کرنے والوں سے کھالیں ضبط کر لی جائیں گی جنہیں ضلعی انتظامیہ یا تو عطیہ کرے گی یا مناسب طریقے سے تصرف کے بعد مجاز تنظیموں کے حوالے کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی ہدایت یا اطلاع پر قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر چیکنگ کر سکیں گے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کو سائٹ انسپیکشن کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔محکمہ داخلہ سندھ نے 10 سے 12 ذوالحج تک جاری شدہ تمام لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے کی اجازتیں معطل کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ علاوہ ازیں کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجتماعی قربانی کے لیے اجازت نامے جاری کریں گے۔نوٹیفکیشن میں خبردار کیا گیا ہے کہ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ متعلقہ تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ضابطۂ فوجداری کے تحت اختیارات بھی دے دیے گئے ہیں۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں