مناسک حج کے آغاز کے ساتھ لاکھوں عازمین حج خیموں کے شہر منیٰ پہنچنا شروع ہوگئے۔
حرمین شریفین کے امور سے متعلق ویب سائٹ کے مطابق عازمین حج کے منیٰ پہنچنے کا عمل آج دوپہر تک جاری ر ہے گا ۔ عازمین پیر کی رات منیٰ میں قیام کریں گے اور منگل 9 ذی الحج کو حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کے لیے منیٰ سے عرفات روانہ ہو ں گے۔
سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق مناسک حج کے دوران مکہ مکرمہ میں سخت گرمی کا امکان ہے اور 25 مئی تک درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے اور کھلے علاقوں میں گرد آلود ہوا چلنے کا امکان ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق حکام نے اپیل کی ہے کہ عازمین حج ہدایات پر عمل کریں اور زیادہ مقدار میں پانی کا استعمال کرکے سخت گرمی میں پانی کی کمی سے بچنےکی کوشش کریں اور رہنما حفاظتی اصولوں پر ہر حال میں عمل کریں۔