امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ پر جاری بیان میں امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران سے مذاکرات منظم اور تعمیری انداز میں بڑھ رہے ہیں۔ اپنے نمائندوں سے کہا ہے کہ جلد بازی نہ کریں کیونکہ وقت ہمارے حق میں ہے۔ ایران کے ساتھ معاہدے کی کوئی جلدی نہیں ہے۔ آبنائے ہرمز کے قریب امریکا کی ناکہ بندی برقرار رہے گی۔
صدر ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ناکہ بندی مکمل طور پر برقرار رہے گی اور تب تک نافذ رہے گی جب تک کوئی معاہدہ طے نہیں پا جاتا اور اس پر دستخط نہیں ہو جاتے۔ فریقین کو وقت لینا چاہیے اور معاملات کو بہتر طور درست طریقے سے طے کرنا چاہیے۔
امریکا نے 13 اپریل سے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر رکھی ہے جبکہ اس سے قبل امریکا اوراسرائیل کے حملوں کے بعد ایران نے اہم آبی گزرگاہ آبنائے ہرمز کو بند کر دیا تھا جس سے تیل کی تجارت میں رکاوٹیں پیدا ہوئیں اور عالمی معیشت بھی متاثر ہوئی تھی۔