ایران کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی حملوں کے جواب میں امریکی فوجی اڈے کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
ایرانی پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایران نے ایک امریکی فوجی اڈے پر جوابی حملہ کیا ہے۔ اس ایئربیس کو نشانہ بنایا جو امریکا، جنوبی ایران پر حملے کے لیے استعمال کر رہا تھا تاہم بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ فضائی اڈہ کس ملک میں واقع ہے۔
اس سے قبل امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ خلیج کے ساحلی علاقے میں یہ حملےایران کی جارحانہ کارروائیوں کے جواب میں کیے گئے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران نے بین الاقوامی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے امریکا کے ایک ایم کیو-ون ڈرون کو بھی مار گرایا تھا۔ امریکی جنگی طیاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایرانی فضائی دفاعی نظام، ایک زمینی کنٹرول سٹیشن اور دو خودکش ڈرونز تباہ کر دیے جو علاقائی سمندری راستوں سے گزرنے والے بحری جہازوں کے لیے واضح خطرہ تھے۔
اس حوالے سے سینٹ کام کا مزید کہنا تھا کہ ایران کے ساتھ جاری جنگ بندی کے دوران امریکا اپنے اثاثوں اور مفادات کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھے گا۔