دوسرے ایک روزہ میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 41 رنز سے شکست دے کر تین میچز پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر کر دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 232 رنز کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان کی پوری ٹیم 44 اوورز میں 190 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔بپاکستان کا بیٹنگ آرڈر آسٹریلوی بولرز کے سامنے مکمل طور پرناکام رہا اور چھ کھلاڑی ڈبل فِگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔
پاکستان کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ آسٹریلیا نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 231 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے کیمرون گرین 53 اور کپتان جوش انگلس 51 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ اوپنر معاذ صداقت بغیر کوئی رن بنائے نیتھن ایلس کی گیند پر پویلین لوٹ گئے، جبکہ صاحبزادہ فرحان بھی صرف تین رنز بنا کر میتھیو کوہنیمن کا شکار بنے۔ بابر اعظم مشکل وقت میں ایک بار پھر ناکام ثابت ہوئے اور صرف 16 رنز بنا کرآؤٹ ہو گئے۔
ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد غازی غوری نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 37 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ایڈم زمپا کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد سلمان علی آغا سات اور عبدالصمد دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور 58 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
مشکل صورت حال میں شاداب خان اور عرفات منہاس نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی اور ساتویں وکٹ کے لیے 59 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ عرفات منہاس 33 رنز بنا کر نیتھن ایلس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوئے۔ کپتان شاہین آفریدی 11 اور حارث رؤف صفر پر آؤٹ ہوئے جبکہ ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے ناٹ آؤٹ رہے۔
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن ایلس چار وکٹیں حاصل کر کے سب سے کامیاب بولر رہے جبکہ میتھیو شارٹ نے تین، ایڈم زمپا، میتھیو کوہنیمن اور تنویر سنگھا نے ایک، ایک وکٹ اپنے نام کی۔