loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
16-Jul-2026
29-Muharram-1448
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
16-Jul-2026
29-Muharram-1448

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ بھر میں آج سے 12 جون تک شدید گرمی کی لہر برقرار رہنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے تمام ڈپٹی کمشنرز، ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز (ڈی ڈی ایم ایز)، متعلقہ محکموں اور اداروں کو ہائی الرٹ رہنے اور احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

نمائندہ خصوصی دو خبر وقاص باقر کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بالائی فضاؤں میں بلند دباؤ کے نظام کے باعث سندھ کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ پیش گوئی کے مطابق صوبے کے مختلف اضلاع میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے۔

الرٹ کے مطابق سکھر، شکارپور، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ، موئن جو دڑو، دادو، شہید بینظیر آباد، گھوٹکی، خیرپور اور نوشہروفیروز میں درجہ حرارت 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے، جبکہ تھرپارکر، بدین، حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان، عمرکوٹ، میرپورخاص، جامشورو اور سانگھڑ میں پارہ 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی ڈویژن میں 9 سے 12 جون کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔ شدید گرمی کے باعث صوبے کے میدانی علاقوں میں بعض مقامات پر گرد آلود ہوائیں اور دھول کے طوفان بھی آ سکتے ہیں۔

پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ شدید گرمی کے باعث بچوں، خواتین، بزرگ شہریوں اور دیگر حساس طبقات کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک براہ راست دھوپ میں غیر ضروری طور پر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی استعمال کریں اور جسم میں پانی کی کمی سے بچاؤ کے لیے خود کو ہائیڈریٹ رکھیں۔

کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے زرعی سرگرمیاں ترتیب دیں اور مویشیوں کی حفاظت اور پانی کی دستیابی کو یقینی بنائیں۔ پی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا ہے کہ گرمی کی شدت کے باعث بجلی کی طلب میں اضافے کا امکان ہے، جبکہ پانی کے محتاط استعمال کی ضرورت ہوگی۔

پی ڈی ایم اے سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنرز، ڈی ڈی ایم ایز، صحت، بلدیات، آبپاشی، تعلیم اور دیگر متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ہیٹ ویو سے متعلق جاری کردہ معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

اتھارٹی نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پیش گوئی کے دوران مکمل طور پر چوکس رہیں اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں