پاکستان فٹبال ٹیم ڈائمنڈ جوبلی انٹرنیشنل فٹبال ٹورنامنٹ کے میچ میں افغانستان کو 2 صفر سے شکست دے کر فائنل میں پہنچ گئی۔ سال1962 کے بعد یہ پہلاموقع ہے جب پاکستان فٹبال ٹیم کسی بین الاقوامی ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔
مالدیپ میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور پانچویں منٹ میں شائق دوست کی عمدہ کراس پر عمر نواز نے گیند جال میں پہنچا کر ٹیم کو برتری دلائی۔ا بتدائی گول کے بعد پاکستان نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی جبکہ افغان ٹیم کو مؤثر حملوں میں مشکلات کا سامنا رہا۔
پہلے ہاف میں شائق دوست، عمر نواز اور اوٹس خان نے افغان دفاع پر مسلسل دباؤ برقرار رکھا۔ 30 ویں منٹ کے قریب اوٹس خان کے عمدہ پاس پر عیسیٰ سلیمان کو گول کرنے کا موقع ملا تاہم ان کا شاٹ کراس بار کے اوپر سے گزر گیا۔
ہاف ٹائم سے قبل افغانستان کو برابری کا سنہری موقع ملا لیکن کپتان امید پوپلزئی کی فری کک کراس بار سے ٹکرا گئی، یوں پاکستان ایک گول کی برتری کے ساتھ وقفے میں گیا۔دوسرے ہاف میں افغانستان نے واپسی کی کوشش کرتے ہوئے جارحانہ کھیل پیش کیا، تاہم پاکستانی دفاع نے حریف کو کامیابی حاصل نہ کرنے دی۔ ایک گھنٹے کے کھیل کے بعد شائق دوست کے خوبصورت پاس پر علی آغا کو برتری دگنی کرنے کا موقع ملا لیکن وہ گول کیپر کو شکست دینے میں ناکام رہے۔
میچ کے آخری لمحات میں دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ جاری رہا تاہم انجری ٹائم کے پہلے منٹ میں عادل نبی کے پاس پر ہارون حمید نے زوردار شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا کر پاکستان کو فتح دلا دی۔