ایران اور امریکا کے درمیان معاہدے پر دستخط جی سیون اجلا س سے قبل ہونے کا امکان ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے سینیئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اگر موجودہ صورتحال برقرار رہی اور امن عمل کو ثبوتاژ کرنے کی کوشش نہ کی گئی تو ممکن ہے ڈیل پر دستخط اجلاس سے ایک روز پہلے یعنی 14 جون کو کرلیے جائیں۔ جی سیون ممالک کا سربراہ اجلاس فرانس کے شہر ایویان میں 15 جون سے 17 جون کے درمیان منعقد ہورہا ہے۔
امریکا اور ایران نے جمعہ کو عندیہ دیا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی کے خاتمے کے لیے ایک معاہدہ قریب ہے۔ ایک سینئر امریکی عہدیدار کے مطابق فریقین معاہدے کے متن پر متفق ہو چکے ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں واشنگٹن ایک ابتدائی معاہدے پر دستخط کرے گا۔
دوسری جانب ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ معاہدے کے متن میں اب بھی کچھ ترامیم کی جا سکتی ہیں تاہم ابتدائی معاہدہ واضح طور پر ظاہر کرتا ہے کہ ایران اس تنازع سے زیادہ مضبوط ہو کر ابھرا ہے۔