ارجنٹینا کے کپتان لیونل میسی نے فیفا ورلڈ کپ کے میچ میں شاندار ہیٹ ٹرک کے ساتھ اپنی ٹیم کو الجزائر کے خلاف فتح دلا دی۔ ورلڈ کپ میں اسٹار فٹبالر کی یہ پہلی ہیٹ ٹرک ہے۔
دفاعی چیمپئن ارجنٹینا نے گروپ مرحلے کے پہلے میچ میں الجزائر کو شکست دے کر اپنے ٹائٹل کے دفاع کا آغاز کیا۔ لیونل میسی نے اپنے بین الاقوامی کیریئر کے 200ویں میچ میں ورلڈ کپ میں پہلی مرتبہ ہیٹ ٹرک اسکور کی۔ ہیٹ ٹرک کے ساتھ میسی کی ورلڈ کپ گولز کی تعداد 16 ہو گئی جس کے بعد وہ جرمنی کے سابق اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ساتھ مشترکہ طور پر ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔
میسی نے 17ویں منٹ میں خوبصورت گول کے ذریعے ارجنٹینا کو برتری دلائی۔ دوسرے ہاف میں الجزائر کے گول کیپر لوکا زیدان کی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے اپنا دوسرا گول کیا جبکہ 76ویں منٹ میں زوردار شاٹ کے ذریعے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ میسی نے ایک اورسنگ میل عبور کرتے ہوئے چھ مختلف ورلڈ کپ ایڈیشنز میں شرکت کرنے والے پہلے فٹبالر کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ میسی 2006،2010،2014،2018 اور 2022 کا ورلڈ کپ بھی کھیل چکے ہیں۔