وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشت پردستخط کے بعد ایران آبنائے ہرمز کھول دے گا جبکہ امریکا ایرانی بندرگاہوں پر عائد پابندیاں اٹھا لے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے ایران اور امریکہ کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے بعد تہران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھول دے گا اور امریکا ایرانی بندرگاہوں پر عائد بحری پابندیاں فوری طور پر ختم کر دے گا۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کی مفاہمتی یادداشت فوری طور پر نافذ العمل ہوگی۔ اس اہم پیش رفت کے حوالے سے جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں ایک تقریب منعقد کی جائے گی، جہاں اس نمایاں پیش رفت کا جشن منانے کے ساتھ ساتھ فنی مذاکرات کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
I am honoured to announce that the historic ‘Islamabad Memorandum of Understanding’ has been electronically signed today between the United States of America and the Islamic Republic of Iran. The Memorandum has been signed by honourable Presidents of both the countries and also…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 18, 2026
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پرخلوص اور دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے مسئلہ کے پرامن اور سفارتی حل کے لیے استقامت دکھائی اور ایک اور تنازع کا خاتمہ کیا جس کے باعث انسانی جانوں کا ضیاع رک گیا۔ میں ایران کے سپریم لیڈر عزت مآب آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای اور ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے بھی اظہار تشکر کرتا ہوں جنہوں نے مشکل وقت میں مدبرانہ اور دانشمندانہ کردار ادا کیا۔ اس موقع پر ایران کی مذاکراتی ٹیم کی کوششوں کو سراہا جانا ضروری ہے۔ قطر کی امن کے لیے کوششوں کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
دوسری جانب ایرانی اور امریکی حکام نے بتایا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے تیار کیے گئے معاہدے کے بنیادی خدوخال پر دُور سے دستخط ہو چکے ہیں اور یہ معاہدہ باقاعدہ طور پر نافذ بھی ہو گیا ہے۔