وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اتوار کی صبح سوئٹزرلینڈ روانہ ہوگئے ہیں۔ جہاں وہ ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی بات چیت کا مقصد ایران اور امریکا کے درمیان طے پانے والے ابتدائی فریم ورک کو عملی شکل دینا اور اہم معاملات پر تکنیکی پیش رفت حاصل کرنا ہے۔ مذاکرات میں ایران کے جوہری پروگرام، پابندیوں میں ممکنہ نرمی اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے امور زیر بحث آئیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان نے ان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کیا ہے، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سفارتی کوششوں کے سلسلے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں جبکہ ایرانی وفد میں اعلیٰ حکام شامل ہیں۔
عالمی برادری کی نظریں ان مذاکرات پر مرکوز ہیں کیونکہ خطے میں جاری کشیدگی، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور سکیورٹی خدشات کے باعث کسی بھی پیش رفت کے عالمی اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔