وفاقی حکومت نے نئے مالی سال کے بجٹ میں موبائل صارفین کو ریلیف دینے کے لیے اہم اقدامات فنانس بل میں شامل کر لیے جن کے تحت امپورٹڈ فونز پر ریگولیٹری ڈیوٹی میں کمی کے ساتھ ساتھ پاکستان ٹیلی کمیونیکشن اتھارٹی( پی ٹی اے) ٹیکس کی ادائیگی بھی آسان اقساط میں کی جا سکے گی۔
قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے بجٹ میں قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی ان سفارشات کو بھی شامل کر لیا گیا ہے جس کے نتیجے میں اب امپورٹڈ موبائل فونز پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی میں 20 فیصد تک کمی آئے گی۔
درمیانے درجے کے فونز پر کسٹمز ڈیوٹی کم کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ وہیں فنانس بل میں ایک ایسی شق بھی شامل کی گئی ہے جس کے تحت صارفین اب پی ٹی اے ٹیکس یکمشت ادا کرنے کے بجائے آسان اقساط میں جمع کروا سکیں گے۔
ان نئی ترامیم کے بعد یکم جولائی 2026 سے شروع ہونے والے نئے مالی سال میں ملک کے اندر موبائل فونز کی قیمتوں میں کمی کے امکانات ہیں۔