ایک نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ خواتین اکثر اچھی اور مناسب نیند لینے کے باوجود اپنی نیند کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ خراب قرار دیتی ہیں۔
جرنل سلِیپ ایڈوانسز میں شائع ہونے والی ریسرچ میں محققین نے تقریباً 500 افراد کے نیند کے دوران دماغی سرگرمی، سانس لینے کے عمل اور جسمانی حرکات کا جائزہ لیا جس کے بعد شرکا سے ان کی رات کی نیند کے معیار سے متعلق رائے لی گئی۔
نیند کی اصل پیمائش کے مطابق خواتین کئی بار مردوں سے بہتر نیند لے رہی تھیں لیکن پھر بھی وہ اپنی نیند کو کم معیاری سمجھتی تھیں۔سویڈن کے کیرولنسکا انسٹیٹیوٹ کے پروفیسر ڈاکٹر ٹوربجورن آکرشٹڈ کے مطابق یہ ایک دلچسپ تضاد ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر مرد رات کے دوران ہونے والی مختصر بیداریوں کو خواتین کی نسبت کم محسوس کرتے یا یاد رکھتے ہیں جس کی وجہ سے وہ اپنی نیند کے بارے میں زیادہ مثبت رائے رکھتے ہیں۔
تحقیق میں معلوم ہوا کہ خواتین رات کے دوران کتنی بار جاگیں اس کا اندازہ مردوں کے مقابلے میں زیادہ درست لگا سکیں۔ دوسری جانب مرد اکثر اپنی رات کی مختصر بیداریوں کی تعداد کم سمجھتے رہے۔