کراچی: محکمہ صحت سندھ نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کی جانب سے فارمولا دودھ کے اشتہارات کی اجازت دینے کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے قوانین کی خلاف ورزی قرار دے دیا ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق فارمولا دودھ کی تشہیر کی اجازت سے ماں کے دودھ یعنی پریسٹ فیڈنگ کے فروغ کی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں، جو بچوں کی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہیں۔یہ ہی نہیں بلکہ محکمہ صحت نے ڈریپ کی جانب سے دی گئی اجازت فوری طور پر واپس لی جائےکا کہا ہے ۔تاکہ بچوں کے لیے ماں کے دودھ کے تحفظ اور فروغ سے متعلق قوانین پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ صوبائی قوانین کے تحت سندھ میں تین سال تک کی عمر کے بچوں کے لیے فارمولا دودھ کی مارکیٹنگ، اشتہارات اور تشہیری مہمات ممنوع ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکٹرانک میڈیا، پرنٹ میڈیا اور سوشل میڈیا پر فارمولا دودھ کی تشہیر کی اجازت نہیں، جبکہ کمپنیوں کی جانب سے بالواسطہ تشہیر، اسپانسر شپ اور اسپتالوں کے طبی عملے کو تحائف دینے پر بھی پابندی عائد ہے۔

محکمہ صحت نے مؤقف اختیار کیا کہ بچوں کی ابتدائی صحت اور غذائیت کے لیے ماں کا دودھ بنیادی اہمیت رکھتا ہے، اس لیے ایسے اقدامات سے گریز ضروری ہے جو بریسٹ فیڈنگ کی حوصلہ شکنی کا باعث بنیں۔