بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں زلزلے کے نتیجے میں 20 افراد زخمی ہو گئے جبکہ 90 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق جمعہ کو ضلع موسیٰ خیل میں دو مرتبہ زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ پہلا جھٹکا صبح 10 بج کر 58 منٹ پر جبکہ دوسرا شام 4 بج کر 49 منٹ پر آیا۔ دونوں زلزلوں کی شدت بالترتیب 5.0 اور 5.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو اور گرد و نواح کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کا مرکز کوہلو سے شمال مشرق میں تقریباً 60 کلومیٹر دور کنگری اور راڑہ شم سے ملحقہ علاقہ تھا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق کچے اور مٹی سے بنے 90 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا۔ مکانات اور دیواریں گرنے سے 20 افراد زخمی ہوئے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔