loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
15-Jul-2026
29-Muharram-1448
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 29°C
15-Jul-2026
29-Muharram-1448

کراچی: وفاق المدارس پاکستان کے مرکزی انتخابات کے لیے تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جبکہ ملک بھر سے جید علما، دینی مدارس کے مہتممین اور وفاق المدارس کے ارکان کراچی پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن بھی وفاق المدارس پاکستان کے انتخابی اجلاس میں شرکت کے لیے کراچی میں موجود ہیں۔ ان کے علاوہ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے ممتاز علما اور مدارس کے ذمہ داران بھی انتخابی عمل میں شرکت کریں گے۔

وفاق المدارس پاکستان کی مجلس شوریٰ، مجلس عاملہ اور مجلس عمومی کا مشترکہ انتخابی اجلاس کل کراچی میں منعقد ہوگا، جس میں تنظیم کے نئے صدر اور ناظم اعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

انتخابی اجلاس میں ملک بھر سے تقریباً 1,600 ارکان شریک ہوں گے، جو ووٹنگ کے ذریعے نئی قیادت کا انتخاب کریں گے۔ اجلاس میں تنظیمی امور، تعلیمی پالیسی، امتحانی نظام اور مدارس کو درپیش چیلنجز پر بھی غور کیے جانے کا امکان ہے۔

وفاق المدارس پاکستان ملک میں دینی مدارس کا سب سے بڑا تعلیمی بورڈ ہے، جس کے تحت ہزاروں مدارس رجسٹرڈ ہیں۔ یہ ادارہ دینی تعلیم، امتحانات کے انعقاد، اسناد کے اجرا اور نصاب سے متعلق امور کی نگرانی کرتا ہے۔

وفاق المدارس کے انتخابات کو دینی حلقوں میں غیر معمولی اہمیت حاصل ہے، کیونکہ نئی قیادت آئندہ مدت کے دوران ادارے کی تعلیمی، انتظامی اور تنظیمی پالیسیوں کی سمت کا تعین کرے گی۔ سیکیورٹی کے پیش نظر اجلاس کے مقام پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ شرکا کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں