بھارت کے معروف گلوکاراور اداکار دلجیت دوسانجھ نے ایک بار پھر پاکستان خصوصا لاہور کے لیے اپنی محبت کا اظہارکیا ہے۔
سوشل میڈیا پر مداحوں کے ساتھ لائیو سیشن کے دوران پاکستانی مداح نے دلجیت دوسانجھ کو لاہور آنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں لاہور آںا چاہتا ہوں لیکن پاکستان اور بھارت کے سیاسی حالات سب کے سامنے ہیں۔ اس لیے اس خواہش کو عملی جامہ پہنانا آسان نہیں۔
دلجیت دوسانجھ کا مزید کہنا تھا کہ اگر وہ لاہور کا سفر کرتے ہیں تو انہیں بھارت کی جانب سے مختلف ممالک کے سفر کے حوالے سے پابندیوں یا دیگر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے جس کے باعث ان کے لیے مستقبل میں بین الاقوامی سفر مشکل ہوسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خواہش کے باوجود وہ اس وقت لاہور نہیں آ سکتے۔
دلجیت دوسانجھ اکثر اپنے بین الاقوامی شوز میں پاکستان اور لاہور کے لیے اپنائیت کا اظہار کرتے رہتے ہیں جس پر انہیں ہندو انتہاپسندوں کی مسلسل دھمکیوں اور نفرت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دلجیت دوسانجھ کو اداکارہ ہانیہ عامر کے ساتھ مشترکہ پروجیکٹ میں کام کرنے پر بھارت میں شدید تنقید اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انہوں نے اس دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے فیصلے پر قائم رہنے کو ترجیح دی۔