بالی ووڈ اداکارہ کیرتی سنن کا کہنا ہے کہ یہ خواتین اداکاراؤں کو سیٹ اور فلم سے جڑے دیگر معاملات میں امتیازی سلوک کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں اداکارہ کیرتی سنن نے بتایا کہ اہنے ایک دہائی سے زیادہ تجربے کی بنیاد پرمیں یہ کہہ سکتی ہوں کہ یہ شعبہ مردوں کے حق میں زیادہ ہے۔ چاہے بات اسکرین پر لکھے جانے والے کرداروں کی ہو یا سیٹ پر مرد و خواتین اداکاروں کے ساتھ روا رکھے جانے والے رویوں کی۔اب حالات میں بہتری آ رہی ہے لیکن جب میں نے 2014 میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا تو صورتِ حال خاصی مایوس کن تھی۔
کیرتی سنن نے کہا کہ جب کوئی خاتون اداکارہ زیادہ سوالات کرتی ہے تو اسے سیٹ پر مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ کوئی مرد سوال کرے تو اسے بہت زیادہ دلچسپی لینے والا سمجھا جاتا ہے۔اکثر چھوٹی چھوٹی چیزیں ہوتی ہیں جیسے مرد اداکار کو دیا جانے والا کمرہ یا گاڑی اور خاتون اداکارہ کو دی جانے والی سہولتیں۔ مجھے گاڑی یا کمرے کی زیادہ پروا نہیں لیکن مجھے کم تر محسوس نہ کرایا جائے۔ میں نے ان رویوں کے خلاف آواز اٹھائی ہے اور آئندہ بھی اٹھاتی رہوں گی۔