فیفا ورلڈکپ پری کوارٹر فائنل میں اسپین نے پرتگال کو 0-1 سے شکست دیکر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔
عالمی میڈیا کے مطابق فیفا ورلڈکپ 2026 کے پری کوارٹر فائنل میچ میں رونالڈو کا جادو نہ چل سکا۔ اسپین نے پرتگال کو شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کرسٹیانو رونالڈو اپنے آخری ورلڈکپ کو یادگار نہ بناسکے۔ ورلڈکپ جیتنے کا خواب ادھورہ رہ جانے پر رونالڈو میدان میں رو پڑے۔
ڈیلاس کے فٹبال اسٹیڈیم میں پرتگال کے خلاف اسپین نے نسبتاً بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پرتگال کے 10حملوں کے مقابلے میں اسپین نے 15 حملے کیے۔مقابلے کا پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا جبکہ دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیمیں کوشش کے باوجود گول نہ کرسکیں۔
کھیل کے انجری ٹائم کا پہلا منٹ شروع ہوا تو اسپینش ٹیم نے ایک موو بنایا جس پر میکائیل میرینو نے 90ویں منٹ میں گول کرکے ٹیم کو سبقت دلادی۔ یہ برتری بقیہ وقت تک برقرار رہی اور اسپین نے میچ ایک صفر سے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ حاصل کرلی۔کوارٹر فائنل میں اسپین کا مقابلہ بیلجیئم یا امریکا سے ہوگا۔