شہزاد رائے اور تابش ہاشمی تعلیمی فنڈ ریزنگ مہم کے لیے امریکا کا دورہ کریں گے
پاکستان میں معیاری سرکاری تعلیم کے فروغ کے لیے سرگرم سماجی تنظیم زندگی ٹرسٹ نے اعلان کیا ہے کہ معروف گلوکار، سماجی کارکن اور تنظیم کے بانی شہزاد رائے، معروف میزبان اور کامیڈین تابش ہاشمی کے ہمراہ امریکا کے مختلف شہروں کا دورہ کریں گے، جہاں پاکستانی کمیونٹی کے لیے خصوصی فنڈ ریزنگ ڈنرز کا انعقاد کیا جائے گا۔
زندگی ٹرسٹ کے مطابق اس مہم کا مقصد پاکستان کے سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم، جدید تدریسی سہولیات، اساتذہ کی تربیت اور طلبہ کے لیے بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لیے مالی معاونت حاصل کرنا ہے۔
فنڈ ریزنگ مہم کے دوران امریکا کے مختلف شہروں میں پاکستانی نژاد افراد، کاروباری شخصیات، مخیر حضرات اور کمیونٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کی جائیں گی، جن میں انہیں پاکستان کے سرکاری تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے زندگی ٹرسٹ کے جاری منصوبوں سے آگاہ کیا جائے گا۔
شہزاد رائے کا کہنا ہے کہ معیاری تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور اگر بیرون ملک مقیم پاکستانی اس قومی مقصد میں اپنا کردار ادا کریں تو ہزاروں بچوں کی زندگیاں بدل سکتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری اسکولوں میں اصلاحات صرف عمارتوں کی تعمیر تک محدود نہیں بلکہ نصاب، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، جدید ٹیکنالوجی اور طلبہ کی ہمہ جہت ترقی پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ زندگی ٹرسٹ گزشتہ کئی برسوں سے سندھ حکومت کے اشتراک سے مختلف سرکاری اسکولوں کی بہتری پر کام کر رہا ہے، جہاں تدریسی معیار، انفراسٹرکچر، آرٹ، کھیلوں اور ہم نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا گیا ہے۔
اس موقع پر تابش ہاشمی نے کہا کہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہے اور بیرون ملک پاکستانیوں کو چاہیے کہ وہ اس مشن کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ فنڈ ریزنگ ڈنرز صرف عطیات جمع کرنے کا ذریعہ نہیں بلکہ پاکستان میں تعلیم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی بھی ایک اہم کوشش ہیں۔
زندگی ٹرسٹ کے مطابق اس دورے کے دوران مختلف شہروں میں ہونے والے پروگراموں میں تنظیم کی کامیابیوں، مستقبل کے منصوبوں اور عطیات کے استعمال سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی تاکہ معاونین کو شفاف انداز میں بتایا جا سکے کہ ان کی مالی مدد کس طرح بچوں کے مستقبل کو بہتر بنانے میں استعمال ہو رہی ہے۔
تنظیم نے دنیا بھر خصوصاً امریکا میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تقریبات میں شرکت کریں اور پاکستان کے لاکھوں بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے اس مشن میں اپنا حصہ ڈالیں۔
زندگی ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ ایک مضبوط اور تعلیم یافتہ پاکستان کی بنیاد مضبوط سرکاری تعلیمی نظام سے ہی رکھی جا سکتی ہے، اور اس مقصد کے حصول کے لیے حکومت، نجی شعبے اور بیرون ملک پاکستانیوں کا تعاون انتہائی اہم ہے۔