آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات 2026 کے پہلے مرحلے میں پولنگ جاری ہے۔میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ووٹرز اپنے نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔
پولنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انتخابی عملے کو پولنگ کا سامان فراہم کر دیا گیا ہے جبکہ امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔
میرپور ڈویژن کے 13 انتخابی حلقوں میں مجموعی طور پر 14 لاکھ ایک ہزار 439 ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 7 لاکھ 25 ہزار 118 مرد اور 6 لاکھ 75 ہزار 628 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ ڈویژن بھر میں 2 ہزار 454 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع میرپور کے 4 حلقوں میں 597، ضلع کوٹلی کے 6 حلقوں میں 1107 جبکہ ضلع بھمبر کے 3 حلقوں میں 608 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے ساتھ ساتھ آزاد امیدوار بھی میدان میں ہیں۔ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن)، استحکام پاکستان پارٹی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا جبکہ مجموعی طور پر 296 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔