اداکار نعیمہ بٹ نے سینئر اداکارہ اور ڈائریکٹر سنگیتا کے خود پر لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
سوشل میڈیا پوسٹ میں اداکارہ نعیمہ بٹ نے کہا کہ میں نے نیک نیتی کے ساتھ سنگیتا کی نئی فلم مکھو کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز دی تھیں۔ سنگیتا نے خود ہی یہ تجاویز مانگی تھیں۔ میں آج بھی ان کی عزت کرتی ہوں وہ ہماری سینئر ہیں تاہم میرا کام کرنے کا انداز مختلف ہے۔ سنگیتا جی اور فلم مکھو کے لیے میری نیک تمنائیں ہیں۔
نعیمہ بٹ نے وضاحت کی کہ مصروف شیڈول کے باعث اس منصوبے کا حصہ نہیں بن سکی۔میرے پاس تاریخیں دستیاب نہیں ہیں اور میں نے وہ ٹوکن کی رقم بھی واپس کر دی تھی جو سنگیتا نے ہماری پہلی تعارفی ملاقات میں زبردستی مجھے دی تھی۔ اس وقت میں خود بھی اس منصوبے کا حصہ بننے کے حوالے سے کشمکش میں تھی۔
ہدایت کارہ و اداکارہ سنگیتا نے نعیمہ بٹ کے حوالے سے بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں آئندہ آنے والی فلم مکھو سے ان کے رویے کی وجہ سے الگ کیا گیا، کیونکہ وہ مختلف مطالبات پیش کر رہی تھیں۔