پاکستانی فلم انڈسٹری کی مشہور اداکارہ میرا ایک بار پھر سوشل میڈیا پر بحث کا باعث بن گئیں۔ اس بار وجہ میرا کا اپنے معاوضے سے متعلق لچسپ مؤقف ہے۔
ایک انٹرویو میں اداکارہ میرا نے کہا کہ سرکاری سرپرستی یا حکومتی فنڈز سے بننے والی کسی فلم میں کام کیا تو اس کا معاوضہ 50 لاکھ روپے لوں گی۔ کسی وجہ سے حکومت معاوضہ نقد ادا نہ کرسکے تو متبادل کے طور پر ایک یا دو سینما گھروں کی ملکیت بھی قبول کرلوں گی۔ یہ اقدام صرف میرے لیے ہی نہیں فلم انڈسٹری کے لیے بھی فائدہ مند ہوگا۔
اداکارہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کو دوبارہ عروج پر لانے کے لیے صرف فلمیں بنانا کافی نہیں بلکہ سرمایہ کاری، جدید انفرااسٹرکچر اور سنیما گھروں کی تعداد میں اضافہ بھی ناگزیر ہے۔ سنیما انڈسٹری کی ترقی کے بغیر فلمی شعبہ اپنی حقیقی صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا۔
میرا کے بیان پر کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آج کل کے دور میں 50 لاکھ ایک فلم کے لیے کوئی بڑی رقم نہیں تو کچھ کا کہنا تھا میرا نے ایک بار پھر خبروں اور سوشل میڈیا پر آنے کے لیے یہ بیان دیا ہے۔
میرا کا کہنا تھا کہ اگر حکومت فلمی صنعت کو مضبوط بنانا چاہتی ہے تو اسے ایسے منصوبوں پر توجہ دینی ہوگی جو فلم سازی کے ساتھ ساتھ نمائش کے نظام کو بھی بہتر بنائیں، کیونکہ سنیما گھر کسی بھی فلمی صنعت کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔