ایران کے پاسداران انقلاب نے اردن میں امریکا کے 3 ایف 35 طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران نے اردن میں امریکی طیاروں کے ہینگر کی سیٹیلائٹ تصاویر جاری کر دیں۔تصاویر ایران کےسرکاری میڈیا پرجاری کی گئیں۔ سیٹلائٹ تصاویر میں اردن کے موفق السلطي ائیربیس پر واقع وہ ہینگرز دکھائے گئے ہیں جہاں امریکی ایف-35 لڑاکا طیارے موجود تھے۔دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ ہینگر ایران کے جوابی حملوں میں تباہ ہوئے ہیں۔
پاسداران انقلاب نے بیان میں کہا کہ سینسر شپ ختم کریں اور دنیا کو درست معلومات دیں۔ دوسری جانب امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان میں کہا کہ ایران کے حالیہ حملوں کی کوششوں میں کوئی امریکی جنگی طیارہ تباہ نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی نقصان پہنچا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تمام میزائل اور ڈرونز فضا میں ہی ناکارہ بنادیے گئے یا ہدف تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے تھے۔سینٹکام نے آبنائے ہرمز سے امریکی ناکابندی کے دوران ایران کی کارروائی کے نتیجے میں کمرشل آئل ٹینکر نورا کو نقصان پہنچنے کی خبر بھی مسترد کردی۔
امریکی فوج کے ناکابندی کو مکمل طور پر نافذ رکھنے کے لیے امریکا کے 20 سے زائد جنگی جہاز، سیکڑوں طیارے اور ہزاروں فوجی بدستور مستعد ہیں اور ناکابندی جاری رکھے ہوئے ہیں۔