کراچی: بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن کراچی کے تحت انٹرمیڈیٹ پری میڈیکل سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج میں سرکاری کالجز کے طلبہ و طالبات نے نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ پری میڈیکل گروپ میں تینوں پوزیشنز طالبات نے حاصل کیں۔ (
پہلی پوزیشن حفصہ خان نے حاصل کی، جن کا تعلق بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن سے ہے۔ حفصہ خان نے 1100 میں سے 1011 نمبر حاصل کرکے 91.90 فیصد کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔
اسی کالج کی طالبہ ہدا سرور نے 1007 نمبر حاصل کرکے 91.54 فیصد کے ساتھ دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
تیسری پوزیشن آمنہ عزیز نے حاصل کی، جن کا تعلق بحریہ کالج کارساز سے ہے۔ انہوں نے 1004 نمبر حاصل کیے اور ان کی کامیابی کا تناسب 91.2 فیصد رہا۔
پری میڈیکل امتحانات میں مجموعی طور پر 23,613 امیدواروں نے رجسٹریشن کرائی، جبکہ 23,007 امیدوار امتحان میں شریک ہوئے۔ ان میں سے 14,134 امیدوار کامیاب قرار پائے اور کامیابی کا مجموعی تناسب 61.43 فیصد رہا۔
صوبائی وزیر تعلیم سندھ سید سردار علی شاہ نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے سرکاری و نجی کالجز کے طلبہ و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ نتائج سرکاری کالجز کے معیاری تعلیمی نظام اور اساتذہ کی محنت کا واضح ثبوت ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سرکاری کالجز کے طلبہ اعلیٰ تعلیم اور عملی زندگی میں اعتماد کے ساتھ آگے بڑھنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں، جبکہ سندھ حکومت سرکاری کالجز میں تعلیمی معیار بہتر بنانے اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔