سعودی عرب میں ایران نواز گروپوں کے ممکنہ حملوں کے پیش نظر سیکورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے حمایت یافتہ مسلح گروپ سعودی عرب کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی تیاری کررہے ہیں۔ اس خدشے کے باعث سیکورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔
سعودی حکام کے مطابق راقی ملیشیا اور یمن کے حوثی جنگجو پاسدارانِ انقلاب کی رہنمائی میں حملہ کر سکتے ہیں۔ انٹیلی جنس اداروں نے ڈرونز اور میزائلوں کی نقل و حرکت کا بھی مشاہدہ کیا ہے جس کے باعث ممکنہ خطرات پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔
سعودی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ توانائی کی تنصیبات، بندرگاہوں اور ہوائی اڈوں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ سعودی عرب نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
سعودی حکام کے مطابق کشیدہ صورتحال کے باوجود ایران سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے سفارتی رابطے جاری ہیں اور مذاکرات درست سمت میں آگے بڑھتے دکھائی دے رہے ہیں۔