کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے جاری بڑا ریلیف ختم ہونے کا امکان ہے جس کے بعد آئندہ ماہ سے بجلی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کی مد میں دیا جانے والا سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ریلیف رواں ماہ اگست میں اپنی مدت پوری کر لے گا۔ یہ ریلیف جون 2026 سے نافذ تھا جس کے تحت صارفین کو مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ روپے سے زائد کا فائدہ پہنچ رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریلیف ختم ہونے کے بعد اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ اگلے ماہ سے لاگو ہونے کا امکان ہے جس کے بعد بجلی کے نرخوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے اس بارے میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخواست جمع کروا دی ہے جس میں صارفین پر 23 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تجویز دی گئی ہے۔ یہ اضافہ تقریباً ایک روپے فی یونٹ بنتا ہے تاہم حتمی فیصلہ نیپرا کی جانب سے کیا جائے گا۔