وفاقی وزارت برائے مذہبی امور کا کہنا ہے کہ حج کو مکمل ڈیجیٹائز کردیا ہے اور اب عازمین حج گھر بیٹھے درخواستیں جمع کرواسکتے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیربرائے مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ حج کے نظام کو مکمل ڈیجیٹائز کردیا ہے ۔ عازمین کو انتظار اور طویل قطاروں سے بچانا چاہتے ہیں۔ 4 لاکھ رجسٹرڈ عازمین گھر بیٹھے درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔عازمین کے پاس ادائیگی کے لیے 3 آپشن موجود ہیں۔ حج اخراجات کریڈٹ کارڈ یا پی ایس آئی ڈی سے جمع کرا سکیں گے۔ چالان فارم پرنٹ کرکے نقد رقم بھی جمع کروائی جاسکے گی۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری حج اسکیم کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 526 ہے۔ پہلی قسط کی وصولی 17 اگست سے شروع کی جائے گی۔ حج اخراجات دوسری قسط اکتوبر میں وصول کی جائے گی۔ پہلے آئیے، پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جائیں گی، کوٹہ مکمل ہوتے ہی درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور نے بتایا کہ نجی عازمین بھی پاک حج ایپ کی ذریعے پرائیویٹ آپریٹر کا انتخاب کرسکیں گے۔ عازمین پرائیویٹ آپریٹر کو براہ راست رقم جمع نہ کرائیں۔