ٹی وی میزبان اور اداکار ساحر لودھی کے خلاف بیوہ خاتون کی درخواست پر لاکھوں روپے ہتھیانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ساحر لودھی اور ان کے ساتھی فیصل ضیا کے خلاف مقدمہ کراچی کے علاقے لانڈھی مجید کالونی کی رہائشی نغمہ وکیل کی درخواست پر تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں درج کیا گیا۔ مقدمہ بیوہ خاتون سے مبینہ طور پر 40 لاکھ روپے کی رقم ہتھیانے کے الزام پر درج کیا گیا ۔
مقدمے کے مطابق خاتون نے پولیس کو بتایا کہ فیصل لشکر والا کے ذریعے ان کی ملاقات ساحر گوہر لودھی سے ہوئی جن کو سرمایہ کاری کے مقصد سے 40 لاکھ روپے دئیے۔
نغمہ وکیل کے مطابق ساحر لودھی نے انہیں ایک مرتبہ ڈھائی لاکھ جبکہ دوسری بار 4 لاکھ روپے ادا کیے اوررقم کی واپسی کے لیے مجموعی طور پر 7 چیکس بھی دیے جن کی مالیت 8 اور 9 لاکھ روپے بتائی گئی۔
خاتون کا دعویٰ ہے کہ مقررہ تاریخوں پر یہ چیکس قائد آباد برانچ میں جمع کرائے گئے تاہم تمام چیکس باؤنس ہوگئے۔ ان کے مطابق صورتحال سے ساحر لودھی کو آگاہ کرنے پر انہوں نے مزید 44 لاکھ روپے کا چیک دیا لیکن یہ چیک بھی کلیئر نہ ہوسکا۔ رقم کی واپسی کی متعدد کوششوں کے باوجود معاملہ حل نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کیا۔
عدالتی حکم کے بعد پولیس نے ساحر لودھی اور فیصل ضیاء کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔