سندھ حکومت نے ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر چلنے والی پبلک سروس گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ شرجیل میمن نے بیان میں کہا کہ تمام پبلک سروس گاڑیوں کے ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹس کی تصدیق کی جائے گی۔ دستی روٹ پرمٹس غیر مؤثر تصور کرتے ہوئے منسوخ کیے جائیں گے۔ ڈیجیٹائزڈ روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیوں پر کارروائی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ متعددگاڑیاں بغیر درست فٹنس سرٹیفکیٹ اور روٹ پرمٹ چل رہی ہیں۔ بعض گاڑیوں میں آگ بجھانے کے آلات بھی موجود نہیں، پبلک سروس گاڑیوں میں فعال فائر ایکسٹنگوشر لازمی قرار دیا گیا ہے لیکن مسافروں کی حفاظت خطرے میں ہے۔
وزیرٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ خلاف ورزیوں کی جامع فہرست ہر دو ہفتے بعد محکمہ ٹرانسپورٹ کو دی جائے گی۔ بار بار خلاف ورزی کرنے والے آپریٹرز کے نام بلیک لسٹ کیے جائیں گے۔