میئرکراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہےکہ میر رضا کے اہلخانہ کو اعتماد کرنا ہوگا ورنہ الزامات کا سلسلہ چلتا رہےگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس میں میئرکراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ خود تحقیقات نہیں کرسکتے اس لیے میر رضا کیس میں جوڈیشل کمیشن بنانےکا فیصلہ کیا ہے۔جوڈیشل کمیشن 30 دن میں رپورٹ مرتب کرےگا۔ تحقیقات میں جہاں کہیں بھی کوتاہی ہوئی ہےکارروائی کی جائے گی۔ پولیس اور تحقیقاتی ادارے جوڈیشل کمیشن کی معاونت کریں گے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح میر رضا کے اہلخانہ کو مطمئن کرنا ہے۔ تحقیقات میں جو کوتاہیاں ہوئیں منظر عام پر آنی چاہئیں۔ میر رضا کے اہلخانہ کو حکومت کے نمائندوں پر اعتماد نہیں اسی لیے عدلیہ سے تحقیقات کرارہے ہیں ۔ میررضا کے اہلخانہ، ان کے وکیل اور ہم سب تحقیقات چاہتے ہیں۔