ایران اور عمان آبنائے ہرمز میں عارضی میری ٹائم کوریڈوربنانے پر متفق ہوگئے ہیں۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اور عمان کے وزیر خارجہ سید بدر بن حمد بن حمود البوسعیدی نے تہران میں ملاقات کے دوران آبنائے ہرمز میں عارضی بحری راہداری قائم کرنے اور بارودی سرنگیں صاف کرنے کے مشترکہ منصوبے پر بات چیت کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کسی بھی انتظام میں دونوں ممالک کی خودمختاری کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے۔ ملاقات میں مجوزہ فریم ورک پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا جس کے تحت آبنائے ہرمز کے ذریعے عارضی مشترکہ بحری راہداری کا قیام اور آبنائے ہرمز کو بارودی سرنگوں سے پاک کرنے کے لیے مشترکہ منصوبے پر عمل درآمد کا معاہدہ شامل ہے۔
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ پاکستانی اور عمانی مہمانوں سے ملاقات میں علاقائی حل پرزور دیا گیا۔ مستقبل میں آبنائےہرمز کے انتظامی امور پر بھی بات ہوئی۔ ایران کا امن اور استحکام کے لیے عزم ہمسایہ ممالک کے ساتھ مستقل اور ثابت قدم سفارت کاری سے بھی ہم آہنگ ہے۔