ملک بھر میں نبی آخر الزماں حضرت محمد مصطفیٰﷺ کا یوم ولادت مذہبی عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
آج عید میلادالنبی ﷺ پر دن کا آغاز نماز فجر کے بعد لاہور اور پشاور میں 21-21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مساجد، عمارتیں، گلیاں، محلے، چوک، چوراہے خوبصورتی سے سجائےگئے ہیں اور آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا جارہا ہے۔
کراچی میں گلی گلی، قریہ قریہ برقی قمقموں سے سجا دیا گیا۔ لاہور میں بھی عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں مساجد، گھروں، سڑکوں، سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے۔ عید میلادالنبیﷺ کی تقاریب کا اہتمام کیا جارہا اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔
پشاور میں رحمت اللعالمینﷺ کو گلہائے عقیدت پیش کرنے کیلئے نعت خوانی اور میلاد مصطفیٰﷺ کی محافل کا انعقاد کیا جارہا ہے ۔
کوئٹہ میں بھی جگہ جگہ چراغان کیا گیا ہے ، محافل نعت اور میلادالنبیﷺ کے جلوس کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ اسلام آباد کو بھی دلہن کی طرح سجایا گیا ہے۔ مسجدوں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔