پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم میں واپسی تقریباً یقینی ہوگئی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق قومی ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل کا کہنا ہے کہ بابر اعظم نے انجری سے صحتیابی کے بعد نیٹ سیشن میں بھرپور بیٹنگ کی اور ان کی کارکردگی حوصلہ افزا رہی۔
بابر اعظم ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوران انگلی کی انجری کا شکار ہوئے تھے جبکہ بیکنہم میں پریکٹس میچ کے دوران دوبارہ انگلی پر گیند لگنے سے تکلیف بڑھ گئی تھی۔ تاہم لارڈز ٹیسٹ سے دو روز قبل بابر اعظم نے فاسٹ بولرز، اسپنرز اور تھرو ڈاؤنز کا سامنا کرتے ہوئے مکمل بیٹنگ سیشن کیا۔
عمر گل کا مزید کہنا تھا کہ بابر اعظم نے نیٹ میں اچھی بیٹنگ کی اور وہ مکمل طور پر پُراعتماد دکھائی دیے۔امید ہے کہ بابر اعظم دوسرے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
بابر کی ممکنہ واپسی پاکستان کی بیٹنگ لائن کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے کیونکہ لیڈز میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ انتہائی مایوس کن رہی اور انگلینڈ نے پاکستان کو دونوں اننگز میں 86 اوورز سے بھی کم وقت میں آؤٹ کردیا تھا۔