بالی ووڈ کی نیپالی نژاد سینئر اداکارہ منیشا کوائرالہ نے نیپال کے سیلاب متاثرین کی مدد کرنے کی اپیل کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیشا کوائرالہ نے کہا کہ نیپال میں شدید سیلاب سے تباہی نے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔اس اچانک تباہی نے کئی سال قبل آنے والے تباہ کن زلزلے کی یاد دلا دی۔ یہ قدرتی آفت حالیہ برسوں میں نیپال میں آنے والی مہلک ترین آفات میں سے ایک ہے۔
منیشا کوائرالہ نے کہا کہ ہمیں اس وقت انتہائی مشکل کا سامنا کرنے والے لوگوں کے لیے دعا کرنا چاہیے اورسرحدوں سے بالاتر ہو کرانسانیت کے تعلق کی بنیاد پرمتاثرین کی مدد کرنا چاہیے، اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو مشکل میں دیکھنا واقعی ایک دل دہلا دینے والی صورتحال ہے۔ متاثرہ علاقوں کی تصاویر ، خبریں اور کہانیاں اسی ہیں جو میں نے پہلے کبھی نہیں دیکھیں۔
منیشا کوائرالہ کا تعلق نیپال سے ہے۔ ان کے دادا بشویشور پرساد کوئرالا نیپال کے پہلے منتخب وزیرِ اعظم تھے۔