کراچی میں تاجروں نے پیٹرول لیوی اورآئی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جماعت اسلامی کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جماعت اسلامی نے پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ و صولی اور آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف جمعرات کو شٹر ڈاؤن ہڑتال کرنے کا اعلان کیا ہے۔ کراچی کی تاجر برادری کے نمائندوں اور مختلف تاجر تنظیموں و انجمنوں اور مارکیٹ ایسوسی ایشنز کی جانب سے جمعرات 3ستمبر کی ملک گیر شٹڑ ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت اور دوکانیں و کاروبار بند رکھنے کے اعلانات اور یقین دہانی کرائی گئی ہے۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف گورنر ہاؤ س سندھ سمیت چاروں صوبائی دار الحکومت میں دھرنے عوام کے دل کی آواز ہیں۔حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر 3ستمبر کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ تاجر برادی کی جانب سے ہڑتال کی مسلسل حمایت پر اظہار تشکر کرتے ہیں۔ یکم ستمبر کو 3 بجے گورنر ہاؤس کے باہر تاجر کنونشن ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے۔