loader-image
Karachi, PK
temperature icon 35°C
15-Oct-2026
3-Jumada al-Awwal-1448
☰
×
loader-image
Karachi, PK
temperature icon 35°C
15-Oct-2026
3-Jumada al-Awwal-1448

کراچی میں پاکستان کسٹمز نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت لیاری ایکسپریس وے پر کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ کار سے 212 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ فرید خان نے بتایا کہ برآمد کی گئی چرس کی مالیت 40 کروڑ روپے سے زائد ہے۔ حکام کو اطلاع ملی تھی کہ کوئٹہ سے آنے والی ایک کار کے ذریعے چرس کراچی منتقل کی جارہی ہے جو کراچی  سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں سپلائی کی جانی تھی۔ خفیہ اطلاع کے بعد لیاری ایکسپریس وے پر نگرانی سخت کردی گئی۔

رپورٹس کے مطابق  کسٹمز ٹیم نے عیسیٰ نگری انٹرچینج پرمشتبہ کار کو روکنے کی کوشش کی تاہم کار سواروں نے رکنے کے بجائے فرار ہونے کی کوشش کی۔ تعاقب کے دوران مشتبہ کار کسٹمز کی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے بعد پائلٹ گاڑیوں سے کسٹمز ٹیم پر فائرنگ بھی کی گئی۔

حکام کے مطابق فائرنگ کے باوجود کسٹمز ٹیم مشتبہ کار کو روکنے میں کامیاب ہوگئی۔ گاڑی کی تلاشی کے دوران ڈگی سے ایک ایک کلوگرام چرس کے 212 پیکیٹس برآمد ہوئے تاہم کار سوار ملزمان رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی تلاش کے لیے سیف سٹی کیمروں کی مدد بھی لی جارہی ہے۔ برآمد شدہ منشیات اور گاڑی کو تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

تبصرہ کریں۔اور شئیر کریں