حوثیوں نے یمن سے سعودی عرب کے جنوبی شہروں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں۔
سعودی میڈیا کے مطابق سعودی قیادت میں قائم اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں نے خمیس مشیط، ابہا اور جازان کی جانب متعدد بیلسٹک میزائل اور ڈرون داغے۔
ترجمان نے حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی افواج سعودی عرب کی خودمختاری، قومی تنصیبات اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ان حملوں کا مناسب جواب دیں گی۔
حوثیوں نے حالیہ دنوں میں سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں توانائی اور فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بنایا ہے۔ سعودی حمایت یافتہ فورسز یمن میں حوثیوں کے خلاف جوابی کارروائی کر رہی ہیں۔تازہ کشیدگی کے باعث بحیرہ احمر اور باب المندب کی اہم بحری گزرگاہوں کی سکیورٹی پر بھی خدشات بڑھ گئے ہیں۔
یمن میں گزشتہ ہفتے سے جاری نئی لڑائی میں 500 سے زائد افراد کی ہلاکت کی اطلاعات سامنے آئی ہیں تاہم مختلف فریقوں کے اعداد و شمار کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی۔