یمن میں حوثیوں کی تنظیم نے دنیا کی اہم آبی گزرگاہ باب المندب پر قبضہ کرنے کا دعویٰ کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق یمن کی انصار اللہ تنظیم کے سینیئر رہنما محمد البخیتی نے دعویٰ کیا ہے کہ حوثیوں نے بحیرہ احمر سے منسلک اہم ترین آبی گزرگاہ باب المندب پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حوثی جنگجوؤں نے یمن کے مغربی صوبے تعز میں اہم علاقوں کے ساتھ الخالد اور جبل النصر کے فوجی اڈوں پر بھی قبضہ کرلیا ہے اور ان کی پیش قدمی بحیرہ احمر کے ساحلی علاقے میں واقع المخا بندرگاہ کے داخلی حصوں تک پہنچ گئی ہے۔ حوثیوں نے المخا ایئرپورٹ پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔
باب المندب دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں شمار ہوتا ہے جہاں سے تیل، گیس اور غذائی اجناس سمیت عالمی تجارت کا بڑا حصہ گزرتا ہے۔ دوسری جانب المخا بندرگاہ جغرافیائی اور عسکری اعتبار سے انتہائی اہم ہے جہاں سے بحیرہ احمر میں بحری جہازوں کی نگرانی بھی کی جاسکتی ہے۔