اداکارہ ماہرہ خان نے اپنے مداحوں کو دوسری بار ماں بننے کی خوشخبری سنا دی۔
اداکارہ ماہرہ خان نے ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں شرکت کے موقع پر دیے گئے انٹرویو میں اپنے امید سے ہونے کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ دوسری مرتبہ اس عمل سے گزرنے کے دوران مجھے بے حد خوشی کے ساتھ ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے جذبات کا بھی سامنا ہے۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ مجھے 41 سال کی عمر میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی۔ اس وقت میری زندگی پہلے ہی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی ہے۔ میرا بیٹا بڑا ہو چکا ہے جبکہ میں اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت کچھ سوچتا اور منصوبہ بناتا ہے لیکن پھر اللّٰہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً اس کا منصوبہ سب سے برتر ہے۔ اس صورتِ حال نے مجھے یہ سیکھنے میں مدد دی ہے کہ ہر چیز کو اپنے قابو میں رکھنے یا ہر سوال کا جواب پہلے سے جاننے کی ضرورت نہیں۔ بعض اوقات زندگی کو حیران کرنے اور اللّٰہ کی مرضی کے آگے خود کو سپرد کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔
ماہرہ خان نے 2007ء میں علی عسکری سے شادی کی تھی۔ جن سے ان کا بیٹا اذلان 15 ستمبر 2009ء کو پیدا ہوا۔ دونوں کی 2016ء میں طلاق ہو گئی تھی۔ بعد ازاں ماہرہ خان نے باب سلیم کریم کے ساتھ دوسری شادی اکتوبر 2023ء میں کی تھی۔