کراچی میں بھائی نے غیرت کے نام پر اپنی جوان بہن کی جان لے لی اور موقع سے فرار ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں مومن آباد کے مکان نمبر 466 سیکٹر 10 بسم اللہ کالونی میں فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہوگئی جس کی لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی ۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتولہ کی شناخت 17 سالہ زرقا بی بی دختر محمد رئیس خان کے نام سے کی گئی۔لڑکی کو اس کے بھائی سفیر خان نے غیرت کے نام پر سر پر ایک گولی مار کر قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا ۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتولہ نے کسی شخص سے نکاح کر لیا تھا۔ گزشتہ شب جب اس نے اپنے نکاح کے بارے میں گھر والوں کو بتایا اور اپنا نکاح نامہ دکھایا تو مقتولہ کے بھائی اور دیگر رشتے دار طیش میں آگئے ۔ رشتے داروں نے مقتولہ کے بھائی سفیر خان کو قتل کرنے کے لیے اکسایا جس پر اس نے مقتولہ کے سرپر گولی مار کر قتل کر دیا۔پولیس ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے ۔