نامور غزل اور لوک گلوکارہ طاہرہ سید نے سوشل میڈیا پر اپنی وفات سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کے بعد ویڈیو پیغام میں واضح کیا کہ وہ مکمل طور پر صحت مند اور خیریت سے ہیں۔
پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ طاہرہ سید کے انتقال کی افواہیں سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں جس کے بعد طاہرہ سید نے ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر میری صحت کے حوالے سے مختلف غلط معلومات پھیلائی جا رہی ہیں۔
طاہرہ سید کا مزید کہنا تھا کہ میں اللہ کے فضل و کرم سے بالکل ٹھیک ہوں اور اس وقت نیویارک میں اپنی نارمل اور خوشگوار زندگی گزار رہی ہوں۔ انہوں نے مداحوں کی محبت، فکر اور دعاؤں پر شکریہ بھی ادا کیا۔
طاہرہ سید نے عوام سے اپیل کی کہ غیر مصدقہ اور جھوٹی خبروں کو آگے پھیلانے سے گریز کیا جائے اور سوشل میڈیا پر موجود غلط معلومات کی اصلاح میں کردار ادا کیا جائے۔