کراچی پورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن نے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے ایک بحری جہاز کے لوکل ایجنٹ پر 15 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی کی نگرانی میں کارروائی اس وقت کی گئی جب ایم ٹی اے ایس عمان کی بندرگاہ شناس سے کراچی پورٹ پر پہنچا۔ عملے کی امیگریشن کلیئرنس کے دوران تین ارکان کی سفری دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں۔ دو یمنی شہریوں کے پاس زائد المیعاد سی مین بکس جبکہ ایک مصری شہری کے پاس بیلیز کا سی مین بک موجود تھا جو نہ ان کی قومی دستاویزات تھیں اور نہ ہی جہاز کے فلیگ اسٹیٹ سے متعلق تھیں۔
ترجمان کے مطابق جہاز کے ماسٹر کو وضاحت طلب نوٹس جاری کیا گیا تاہم وہ عملے کے درست معاون دستاویزات، بشمول سرٹیفکیٹس پیش کرنے میں ناکام رہا۔