کراچی میں عید قربان کی تیاریوں کے ساتھ ہی مویشی منڈیاں سج گئی ہیں جہاں شہری قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لیے رخ کر رہے ہیں۔ ناردرن بائی پاس پر قائم عوام دوست مویشی منڈی اس وقت شہر کی سب سے بڑی منڈیوں میں شمار ہو رہی ہے، جہاں ملک بھر سے بیوپاری اپنے بہترین جانور لے کر پہنچ رہے ہیں۔
ناردرن بائی پاس عوام دوست مویشی منڈی میں جانوروں کی آمد کا 20 واں روز جاری ہے اور منڈی میں موجود جانوروں کی تعداد 13000 سے تجاوز کر گئی ہے۔ عید قریب آتے ہی خریداروں کی آمد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے جس سے منڈی میں خاصی رونق دیکھنے میں آ رہی ہے۔
اس بار منڈی میں مختلف نسلوں کے جانور موجود ہیں، تاہم رشین نسل کے نیکا نیل گینے بیل “چمبیلی” نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ یہ جانور اپنے منفرد انداز، جسامت اور ناز و نخرے کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل کر چکا ہے۔
مریدکے سے آنے والے بیوپاری محمد امجد کا کہنا ہے کہ اگر کسی کے پاس اس جیسا گینا بچھڑا ہو تو وہ 500000 روپے لے جائے۔ ان کے مطابق چمبیلی کے بڑے سینگ، چھوٹا قد اور خاص انداز اسے دیگر جانوروں سے منفرد بناتے ہیں، یہاں تک کہ وہ ناک پر مکھی بھی نہیں بیٹھنے دیتا۔
بیوپاری کے مطابق یہ بچھڑا دودھ، دہی، مکھن اور گندم کے آٹے سمیت خاص خوراک استعمال کرتا ہے، جس کی وجہ سے اس کی صحت اور خوبصورتی نمایاں ہے۔ محمد امجد کا کہنا ہے کہ اس گینا بچھڑے کی قیمت لگانا آسان نہیں کیونکہ یہ اپنی نوعیت کا نایاب جانور ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ چمبیلی دانتوں میں چار ہے اور قربانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جبکہ شہری بڑی تعداد میں اسے دیکھنے کے لیے رک رہے ہیں جس سے اس کی مقبولیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔