کراچی کو پانی سپلائی کرنے والے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے 9 میں سے 7 پمپس 48 گھنٹوں کے لیے بند کردئیے گئے جس کے باعث شہر میں پانی کی قلت کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
ترجمان کراچی واٹر کارپوریشن کے مطابق ہفتے کی دوپہر سے دھابیجی پمپنگ اسٹیشن پر نئی لائن کو واٹرنیٹ ورک سے منسلک کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا جس کے باعث دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کے9 میں سے 7 پمپ 48 گھنٹوں کے لیے بند رہیں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 27 اپریل کو 7 پمپس سے پانی بحال کردیا جائے گا جبکہ 2 پمپس مزید 5 روز کے لیے بند رہیں گے۔ اس دوران نارتھ کراچی، سرجانی، اسکیم 33، گلستانِ جوہر میں پانی فراہمی عارضی طور پر معطل رہے گی جبکہ گلشن اقبال، صدر، لانڈھی، کورنگی، چنیسر ٹاؤن کے کچھ علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ نیپا، صفورا اور سخی حسن ہائیڈرنٹس بھی بند رہیں گے۔
پمپنگ اسٹیشنز کی بندش کے باعث شہر کو یومیہ تقریباً 250 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا ہوگا۔