سعودی عرب کی تیز رفتار ریلوے سروس نے حجاج کرام کے لیے 21 لاکھ 10 ہزار نشستیں مختص کردیں۔
عرب میڈیا کے مطابق حج 1447کے لیے سعودی ریلوے کمپنی سار نے تیزرفتار ریلوے کی آپریشنل گنجائش بڑھا کر حجاج کرام کے لیے 21 لاکھ 10 ہزار نشستیں مختص کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ اقدام حجاج کی خدمت میں مسلسل توسیع اور مکہ مکرمہ و مدینہ منورہ کے درمیان بڑھتی ہوئی سفری طلب کو پورا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔حج سیزن کے دوران مجموعی طور پر 5308 ٹرین سفر کیے جائیں گے جوگزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 11 فیصد زیادہ ہیں۔
رش کے اوقات میں روزانہ ٹرینوں کی تعداد 142 سے زائد تک پہنچ جائے گی جس سے حجاج کے لیے سفر میں آسانی اور انتظار کے وقت میں کمی آئے گی اور سروس کا معیار بھی بہتر ہوگا۔