کے الیکٹرک سمیت ملک بھرکے بجلی صارفین کو سہ ماہی ایڈجیسٹمنٹ کی مد میں بڑا ریلیف ملنے کا امکان ہے۔ بجلی صارفین کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 63 ارب 94 کروڑ روپے کا بڑا ریلیف حاصل ہو سکتا ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی( نیپرا) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈسکوز نےکیلنڈر سال 2026 کی پہلی سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے۔ درخواست کی 19 مئی کو سماعت کی جائے گی۔
درخواست کے مطابق جنوری تا مارچ کیپسٹی چارجز کی مد میں 36 ارب 83کروڑ 70 لاکھ روپے جبکہ سسٹم کے استعمال کے چارجز ومارکیٹ آپریشن فیس کی مد میں 11 ارب 24 کروڑ روپے کی کمی ہوئی۔
ڈسکوز کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ انکریمنٹل یونٹس کی مد میں 23 ارب 51 کروڑ روپے کمی کی درخواست ہے۔ نیپرا درخواست کی سماعت کے بعد صارفین کو ریلیف فراہمی کا حتمی فیصلہ کرے گی۔